حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،امروہا میں عید کا دن خیر و عافیت کے ساتھ گزرا۔ ضلع جے پی نگر اور شہر امروہا کی سیکڑوں مسجدوں، عیدگاہوں، خانقاہوں، مدرسوں اور عزا خانوں میں عید الفطر کی نماز نہایت خزوع و خشوع کے ساتھ ادا کی گئی۔ لاکھوں نمازیوں نے مختلف پیش اماموں کی قیادت میں عید الفطر کی نماز ادا کی۔
امروہا میں شیعوں کی درجنوں مسجدوں میں نماز عید ادا کی گئی۔ نمازیوں کا سب سے بڑا اجتماع محلہ شفاعت پوتا میں واقع جامع مسجد اشرف المساجد میں نظر آیا جہاں امام جمعہ و جماعت مولانا محمد سیادت فہمی نے امامت کی اور خطبہ دیا۔
شہر کے مختلف محلوں میں واقع مسجدوں میں بھی بڑی تعداد میں مومنین نے نماز ادا کی اور ملک میں امن و امان اور فرقہ وارانہ یک جہتی کے قیام کی دعا مانگی۔محلہ دربار شاہ ولایت کی مسجد ابدال محمد میں مولانا عمران ترابی نے نماز عید پڑھائی۔
محلہ قاضی زادہ کے عزا خانہ چاند سورج کی مسجد میں مولانا عابد کی امامت میں اہل محلہ نے نماز ادا کی۔
محلہ حقانی کی مسجد میں مولانا ذیشان حیدر زیدی بجنوری حال مقیم اجمیر نے نماز عید الفطر کی امامت کی اور خطبہ دیا۔ اپنے خطبوں میں پیش اماموں نے ملک کے موجودہ حالات میں مسلمانوں سے صبر و تحمل سے کام لینے کی تلقین کی۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں پورے ایک مہینے تک مسلمانوں نے صبر و ضط اور تحمل سے کام لیا ہے۔ انہیں بقیہ مہینوں میں بھی اشتعال انگیزیوں کے مقابلے میں اسی جذبے سے کام لینا چاہئے۔ پیش اماموں نے ملک میں امن و امان کی برقراری، ملک کی خوشحالی اور ترقی کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کی مصیبتوں کے خاتمے اور ظالم طاقتوں کو کیفر کردار تک پہونچانے کی اللہ سے دعا کی۔
آپ کا تبصرہ